سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبیﷺ

سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبیﷺ

سب سے اولیٰ و اعلیٰ ہمارا نبیﷺ

سب سے بالا و والا ہمارا نبیﷺ

اپنے مولیٰ کا پیار ہمارا نبیﷺ

دونوں عالم کا دولہا ہمارا نبیﷺ

بزم آخر کا شمع فروزاں ہوا

نور اول کا جلوہ ہمارا نبیﷺ

جس کو شایاں ہے عرش خدا پر جلوس

ہے وہ سلطان والا ہمارا نبیﷺ

بجھ گئیں جس کے آگے سب ہی مشعلیں

شمع وہ لے کر آیا ہمارا نبیﷺ

جن کے تلوؤں کا دھو ون ہے آب حیات

ہے وہ جان مسیحا ہمارا نبیﷺ

عرش و کرسی کی تھیں آئینہ بندیاں

سوئے حق جب سدھارا ہمارا نبیﷺ

خلق سے اولیاء اولیاء سے رسل

اور رسولوں سے اعلیٰ ہمارا نبیﷺ

حسن کھاتا ہے جس کے نمک کی قسم

وہ ملیح دل آراء ہمارا نبیﷺ

ذکر سب پھیکے جب تک نہ مذکور ہو

نمکین حسن والا ہمارا نبیﷺ

جس کی دو بوند ہیں کوثر و سلسبیل

ہے وہ رحمت کا دریا ہمارا نبیﷺ

جیسے سب کا خدا ایک ہے ویسے ہی

ان کا ان کا تمہارا ہمارا نبیﷺ

قرنوں بدلی رسولوں کی ہوتی رہی

چاند بدلی کا نکلا ہمارا نبیﷺ

کون دیتا ہے دینے کو منہ چاہیئے

دینے والا ہے سچا ہمارا نبیﷺ

کیا خبر کتنے تارے کھلے چھپ گئے

پر نہ ڈوبے نہ ڈوبے ہمارا نبیﷺ

ملک کونین میں انبیاء تاجدار

تاجداروں کا آقا ہمارا نبیﷺ

لامکاں تک اجالا ہے جس کا وہ ہے

ہر مکان کا اجالا ہمارا نبیﷺ

سارے اچھوں میں اچھا سمجھئے جسے

ہے اس اچھے سے اچھا ہمارا نبی ﷺ

سارے اونچوں سے اونچا سمجھئے جسے

ہے اس اونچے سے اونچا ہمارا نبیﷺ

انبیاء سے کروں عرض کیوں مالکو

کیا نبی ہے تمہارا ہمارا نبیﷺ

جس نے ٹکڑے کئے ہیں قمر کے وہ ہے

نور وحدت کا ٹکڑا ہمارا نبیﷺ

سب چمک والے اجلوں سے چمکا کئے

اندھے شیشے میں چمکا ہمارا نبیﷺ

جس نے مردہ دلوں کی دی عمر ابد

ہے وہ جان مسیحا ہمارا نبیﷺ

غمزدوں کو رضا# مژدہ دیجئے کہ ہے

بے کسوں کا سہارا ہمارا نبیﷺ

 

 

Leave a Reply

This site uses Akismet to reduce spam. Learn how your comment data is processed.

%d bloggers like this: